برطانیہ کی پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم، ’ہفتے میں تین پروازیں چلائیں گے‘پی آئی اے اورنجی ایئرلائنز ایئربلیو کو اجازت

ایوی ایشن رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

اسلام آباد:برطانیہ نے پاکستان کا نام ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم ہو گئی ہیں، دوسری جانب پی آئی اے نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔
بدھ کو برطانوی ہائی کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ایئر سیفٹی میں بہتری کے بعد برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے پاکستانی ایئرلائز پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں۔‘
ہائی کمیشن کے مطابق ایئرلائنز کو پروازوں کے لیے اب بھی برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔ سیفٹی لسٹ سے اخراج آزاد اور تکنیکی عمل کے تحت ہوا۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا ہے کہ ’میں برطانیہ اور پاکستان میں ہوابازی کے ماہرین کی شکر گزار ہوں کہ وہ بین الاقوامی حفاظتی معیارات پر پورا اترنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پروازوں کی بحالی میں وقت لگے گا۔ میں خاندان اور دوستوں سے ملنے کے لیے پاکستانی ایئرلائن سے سفر کی منتظر ہوں۔‘
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’برطانیہ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پرعائد پابندیوں کا ختم ہونا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے باعث اطمینان ہے۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس مثبت پیشرفت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہو گا اور برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی، پی آئی اے
پی آئی اے نے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ ایک بار پھر برطانیہ کی فضاؤں میں اڑان بھرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کم سے کم وقت میں برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے کی تیاری مکمل کر رہی ہے اور اس ضمن میں شیڈول فائنل کیا جا رہا ہے۔
’برطانوی آپریشن کا باضابطہ آغاز اسلام آباد سے مانچسٹر کی پروازوں سے ہوگا۔ شیڈول کی منظوری ملتے ہی ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔‘
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کی طرف سے پابندی کا خاتمہ ہوابازی کے بین الاقوامی حفاظتی معیارات پر سختی سے کاربند رہنے سے ممکن ہوا ہے، برطانوی پابندیوں کا خاتمہ پی آئی اے کے فضائی حفاظت کی معیاری سند ہے۔
ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالا جانا اہم سنگ میل ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پاکستانی ایئرلائنز پر پابندی عائد ہوئی تھی، شہباز شریف کی حکومت میں تاریخ کا ایک بڑا سنگ میل عبور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر ہوا بازی غلام سرور نے اپنے ہی ادارے پر تنقید کر کے اداروں کو دعوت دی کہ پاکستان کی ایئر لائن پر پابندی لگا دیں، جس میں عمران خان برابر کے شریک ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیر ہوا بازی کے بیان سے اربوں روپے کا نقصان ہوا اور سب سے بڑا نقصان قومی وقار کا مجروح ہونا تھا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالے جانے کے بعد اب آپریٹنگ لائسنس کے لیے اپلائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن کے ساتھ پاکستان کی نجی ایئرلائنز جیسے ایئربلیو کو بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *