شہزادہ عالمگیر بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
لاہور: یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں اقلیتوں اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب حکومتِ پنجاب کے ہفتۂ اقلیتیں کے سلسلے کی ایک اہم کڑی تھی، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، فیکلٹی ممبران، طلباء، اقلیتی برادری کے نمائندگان اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے یو ایم ٹی کے طلباء اور سٹاف کے ہمراہ ایک خصوصی واک میں حصہ لیا، جس میں مختلف بینرز پر “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے نعرے درج تھے۔ واک کے دوران فضا پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔
سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم، قیادت اور ہنر مندی کی اہمیت پر زور دیا۔
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہفتۂ اقلیتیں کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 اقلیتی طلباء کو سول سروس اکیڈمی بھیجا گیا ہے جو جلد اعلیٰ سطحی امتحانات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے اقلیتی طلباء کو اسکالرشپس فراہم کرنے پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد کا شکریہ ادا کیا۔
صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ ہم ہر طالب علم کے لیے تعلیم اور کامیابی کے یکساں مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ پبلک پالیسی اصلاحات کے ذریعے اقلیتی کمیونٹیز کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے اور بین الثقافتی قیادت معاشرتی فاصلے کم کرتی ہے۔
ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے کہا کہ یو ایم ٹی ہر سال طلباء کو اربوں روپے کے اسکالرشپس فراہم کرتی ہے تاکہ کوئی بھی ہونہار طالب علم مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔
تقریب میں اقلیتی نوجوانوں کے بااختیار بنانے پر خصوصی پینل ڈسکشن بھی منعقد کی گئی جس میں ڈاکٹر آئرہ انڈریاس پطرس، ڈاکٹر مِمپال سنگھ اور ڈاکٹر سمیع اللہ نے اظہارِ خیال کیا۔
تقریب کے اختتام پر ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر معزز مہمانان کو سوینئرز پیش کیے۔