سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، فرید احمد تارڑ کی زیر صدارت انسانی حقوق پر قومی ٹاسک فورس کا آٹھویں اجلاس

شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

لاہور: سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، فرید احمد تارڑ کی زیر صدارت انسانی حقوق پر قومی ٹاسک فورس کے آٹھویں اجلاس کی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری انسانی حقوق نے صوبائی سطح پر مؤثر رابطہ کاری، محکموں کے مابین تعاون اور آئندہ قومی اجلاس کے لیے مربوط و جامع تجاویز کی تیاری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی رپورٹس اور سفارشات کو بروقت حتمی شکل دیں تاکہ قومی سطح پر ایک متحدہ صوبائی مؤقف پیش کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران شریک محکموں نے انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ سے متعلق اپنی تازہ ترین پیش رفت اور سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر سیکرٹری فرید احمد تارڑ نے ہدایت کی کہ قومی ٹاسک فورس کے آئندہ اجلاس میں، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کریں گے، تمام نمائندگان اپنی بامعنی اور مؤثر شرکت کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کمی نہ چھوڑی جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ہوم ڈیپارٹمنٹ، انڈسٹریز، لیبر، سوشل ویلفیئر، پرائس کنٹرول، ویمن ڈویلپمنٹ، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ (ایل جی اینڈ سی ڈی) ڈیپارٹمنٹ کے سینئر نمائندگان نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *