ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال کے شاندار تعلیمی نتائج،کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ ڈاکٹر آصف طفیل کی نئی عمارت کی تعمیر مکمل کرانے کی یقین دہانی

مہمانِ خصوصی ڈاکٹر آصف طفیل , پرنسپل اکبر علی، وائس پرنسپل مومنہ ایزد، اور برسر کاشف ستار سمیت طلبہ و طالبات کے والدین بھی موجود

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

ساہیوال : ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال نے ایک اور تعلیمی سنگِ میل عبور کر لیا۔ کیمبرج سکول کے طلبہ و طالبات نے پہلی بار او لیول امتحان میں شرکت کی اور نمایاں گریڈز حاصل کیے۔ اس تعلیمی سنگِ میل کو یادگار بنانے کے لیے پرنسپل آفس میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ ڈاکٹر آصف طفیل تھے۔ پرنسپل اکبر علی، کیمبرج سکول کی وائس پرنسپل مومنہ ایزد، اور برسر کاشف ستار سمیت طلبہ و طالبات کے والدین بھی موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پہلی کلاس کے شاندار تعلیمی نتائج پر طلبہ و طالبات، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ ڈی پی ایس میں کیمبرج سکول کا قیام ساہیوال میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے جو اساتذہ کی محنت سے والدین کے اعتماد پر پورا اُترا ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی شخصیت سازی (پرسنیلٹی ڈویلپمنٹ) پر خصوصی توجہ دیں اور نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں میں بھی ان کی شرکت کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے اگلے تعلیمی سیشن سے قبل کیمبرج سکول کی نئی عمارت کی تعمیر مکمل کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ وائس پرنسپل مومنہ ایزد نے بتایا کہ ستمبر 2023 سے شروع ہونے والی کیمبرج کلاسز میں اس وقت 175 بچے زیرِ تعلیم ہیں جو سکول پر والدین کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نئی کیمپس بلڈنگ میں شہر کی پہلی اے آئی (AI) لیب بھی قائم کی جائے گی تاکہ طلبہ و طالبات جدید تعلیمی تقاضوں سے بہرہ مند ہو سکیں۔ تقریب میں دو اساتذہ سروری ندا اور مصباح زبیری کو بیسٹ ٹیچرز کے سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *