شہزادہ عالمگیر بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
لاہور:صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے فاروق ہسپتال، ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں منعقدہ بریسٹ کینسر آگاہی مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز، طبی ماہرین، سماجی شخصیات، خواتین کی بڑی تعداد اور اسپتال انتظامیہ نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ
پنجاب کی خواتین سے اپیل ہے کہ اگر جسم پر کوئی گلٹی بنتی نظر آئے تو فوری طور پر اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں کیونکہ بروقت اسکریننگ اور علاج زندگی بچا سکتا ہے۔ بریسٹ کینسر لاعلاج بیماری نہیں، تاہم اس کا علاج وقت پر شروع کرنا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب خواتین کی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاہم نجی شعبے کے تعاون سے ایسی آگاہی مہمات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ نجی اداروں اور ہسپتالوں کی یہ کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ حکومت پنجاب ان تمام اقدامات میں مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ خواتین میں شعور اجاگر کیا جا سکے اور اس مرض کے خوف کو کم کیا جا سکے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ سماجی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ عوامی سطح پر آگاہی بڑھانے میں کردار ادا کریں۔ ہم سب کو نیکی اور خدمت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔