سٹاف رپورٹرنوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
کوئٹہ: بلوچستان کے شہر بھاگ ناڑی میں مسلح افراد نے لیویز تھانے پر حملہ کر کے اُسے آگ لگا دی ہے جبکہ تھانے میں موجود اہلکاروں کو بھی یرغمال بنا لیا ہے۔
بلوچستان کے ضلع کچھی میں نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری عمارتوں اور تھانوں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر جان سے گیا، جبکہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔
مسلح افراد نے متعدد سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔
پولیس حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 230 کلومیٹر دور ضلع کے علاقے بھاگ ناڑی میں پیر کی شام درجنوں مسلح افراد داخل ہوئے اور بیک وقت نیشنل بینک، تحصیل آفس، پولیس اور لیویز تھانوں پر حملہ کر دیا۔
ایس ایس پی کچھی کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کئی منٹ تک جاری رہا، جس میں ایس ایچ او انسپکٹر لطف علی کھوسہ جان سے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، درجنوں مسلح افراد موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی پر سوار ہو کر آئے تھے اور انہوں نے پولیس و لیویز تھانوں، اسلحہ خانے، وائرلیس سیٹوں کے علاوہ تحصیل آفس پر بھی حملہ کیا اور اسے نقصان پہنچایا۔
تاہم ایس ایس پی نے اس بات کی تردید کی اور کہا کہ اہلکاروں نے بہادری سے اس حملے کو ناکام بنایا۔