شہزادہ عالمگیر بیوروچیف نوائے وقت
لاہور :صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس
مساجد پر میزائل حملوں اور ننکانہ صاحب میں ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔
پاکستان کبھی بھی سکھ کمیونٹی کی عبادتگاہوں پر حملہ کرنیکا سوچ نہیں سکتا ۔
پاکستان کا سکھ برادری کے ساتھ رشتہ اخلاص، محبت اور عقیدت پر مبنی ہے۔ رمیش
افواج پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور / پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے لاہور پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ننکانہ صاحب جیسے مقدس مقام پر بھارتی ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین، مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، معروف سکھ شخصیات سردار بشن سنگھ، ستونت کور، سردار جسکرن سنگھ، کلیان سنگھ کلیان اور دیگر بھی موجود تھے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بھارت ایک سازش کے تحت مساجد، مقدس مقامات اور اقلیتوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ پاکستان کے پرامن تشخص کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلگام میں پیش کیا گیا واقعہ محض ایک جھوٹا اور منصوبہ بند ڈرامہ ہے جس کا مقصد پاکستان پر بلا ثبوت الزامات لگا کر عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سکھ برادری کے ساتھ رشتہ اخلاص، محبت اور عقیدت پر مبنی ہے۔ حالیہ بیساکھی تہوار کے موقع پر دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے پاکستان کی میزبانی، محبت اور مذہبی رواداری کی تعریف کی۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت اور اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کا فوری نوٹس لیں۔
صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ بھارتی میڈیا اس وقت زہر اُگل رہا ہے جبکہ پاکستانی میڈیا اپنی ریاست اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں بالخصوص سکھ کمیونٹی کے لیے لاہور پریس کلب کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔