آپریسن سندور کے بعد ایک اور ناکامی:انڈیا کا سیٹلائٹ مشن تکنیکی خرابی کے باعث ناکام، مدار میں نہ پہنچ سکا

محمد ابرارنوائے وقت

دہلی:انڈین خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کے نئے سیٹلائٹ EOS-09 کو زمین کے مدار میں بھیجنے کا مشن اتوار کو اس وقت ناکام ہو گیا، جب لانچنگ کے تیسرے مرحلے میں تکنیکی خرابی پیش آئی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق EOS-09 سیٹلائٹ کو PSLV-C61 راکٹ کے ذریعے انڈیا کے جنوبی علاقے سری ہری کوٹا کے خلائی مرکز سے اتوار کی صبح روانہ کیا گیا تھا۔

تاہم اسرو کے سربراہ وی نارائنن نے بتایا کہ ’تیسرے مرحلے کے دوران راکٹ کے موٹر کیس میں چیمبر پریشر کم ہو گیا، جس کے باعث مشن کو مکمل نہیں کیا جا سکا۔‘

اسرو کا شمار دنیا کے ان فعال خلائی اداروں میں ہوتا ہے، جو 1960 کی دہائی سے خلائی تحقیق میں مصروف ہیں۔

انڈیا اب تک درجنوں ملکی و غیر ملکی سیٹلائٹس کامیابی سے خلا میں بھیج چکا ہے۔

2014 میں انڈیا نے مریخ کے گرد کامیابی سے اپنا پہلا مشن مدار میں داخل کر کے عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی حاصل کی تھی جبکہ 2019 میں چاند پر لینڈنگ کی پہلی کوشش ناکام ہونے کے بعد، انڈیا نے 2023 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار چاند کے جنوبی قطب کے قریب اپنا خلائی جہاز اتارنے میں کامیابی حاصل کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *