پارلیمانی رپورٹرنوائے وقت
اسلام آباد:عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سینیٹر ایمل ولی خان نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان کے خلاف سینیٹ میں تحریکِ استحقاق پیش کرتے ہوئے ان سے فوری استعفے لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے کی جانب سے ایمل ولی خان کے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے، جس پر ایمل ولی خان نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اجلاس کے دوران ایمل ولی خان سے فوری معافی مانگی تھی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یا تو وہ اجلاس میں بیٹھ سکتے ہیں یا چیئرمین پی ٹی اے، جس کے بعد چیئرمین پی ٹی اے خود ہی اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔