رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال: ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے تھانہ غلہ منڈی میں جامعہ رشیدیہ اور 132 نائن میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈی پی او ساہیوال نے موقع پر شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں۔ عوام پولیس کے ساتھ رابطے میں رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں انہوں نے ایس ایچ او تھانہ غلہ منڈی کو منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کے واضح احکامات دیے اور ہدایت کی کہ علاقے سے منشیات کے خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ڈی پی او ساہیوال نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر، گینگز اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں تاکہ ساہیوال کو پرامن اور محفوظ شہر بنایا جا سکے۔