رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت
لاہور:صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنجاب اسپورٹس بورڈ کے زیرِ اہتمام سمر گیمز 2025 میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے ہاسٹلز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب، خضر افضال چوہدری نے صوبائی وزیر کو کھلاڑیوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہاسٹل میں 700 سے زائد کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائش، طعام، طبی امداد، سیکیورٹی، ٹھنڈا پانی، اے سی، یومیہ الاؤنس اور دیگر تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے خود پانی پی کر اس کے معیار کا جائزہ لیا اور کھلاڑیوں، خاص طور پر خواتین سے صفائی و ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے آراء حاصل کیں۔ ۔ وزیر کھیل نے کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سمر گیمز میں شریک تمام کھلاڑیوں کو تین وقت کا معیاری کھانا فراہم کیا جائے گا۔