اسلام آباد سے مانچسٹر: پی آئی اے کا 25 اکتوبر سے 2 پروازیں بحال کرنے کا اعلان

سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے برطانیہ کے لیے پروازیں 25 اکتوبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے سنیچر کو جاری بیان میں کہا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار سنیچر اور منگل کو دو پروازیں آپریٹ کرے گی۔
شیڈول کے مطابق پی ائی اے کی پرواز دن 12 بجے روانہ ہوگی اور شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی۔

مانچسٹر سے پرواز شام 7 بجے روانہ ہوگی اور صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
ترجمان کے مطابق مانچسٹر کی پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں لندن کی پروازیں بھی شروع کی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پروازیں بکنگ کے لیے کھول دی گئی ہیں اور 15 گھنٹے کی مسافت کے بجائے 8 گھنٹوں میں مانچسٹر پہنچ سکیں گے۔
5 سال کے عرصے کے بعد پی آئی اے دوبارہ اس روٹ پر اپنے آپریشن شروع کرنے جا رہا ہے۔
برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جمعے کو پی آئی اے کے لیے غیرملکی طیاروں کا آپریٹنگ پرمٹ جاری کیا تھا جس کے بعد برطانیہ میں پروازوں کی بحالی کے لیے آخری انتظامی رکاوٹ دور ہو گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *