نوائے وقت/ ڈان انوسٹی گیشن سیل، ڈان ٹی وی رپورٹ
مظفر آباد:آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہے جب کہ حکومت سازی کے لئے اگلے چند روز میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کا معاملہ مزید پیچیدہ اور طول پکڑ گیا، پیپلز پارٹی نے فارورڈ بلاک میں شامل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گروپ سے رابطہ کیا، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گروپ نے پیپلز پارٹی کے سامنے بڑی سیاسی شرط رکھ دی۔
گروپ نے حکومت سازی میں تعاون کے بدلے اسپیکر قانون ساز اسمبلی کا عہدہ مانگ لیا،نوائے وقت، ڈان ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان گروپ اسپیکر شپ اپنے قریبی رکن کو دلوانا چاہتا ہے۔
اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی صدرِ ریاست کی غیر موجودگی میں قائم مقام صدر کے طور پر فرائض انجام دیتا ہے۔
نوائے وقت، ڈان ذرائع نے کہا کہ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری علاج کی غرض سے بیرونِ ملک روانگی کی تیاری میں ہیں، اس ممکنہ غیر موجودگی کے باعث اسپیکر شپ کی اہمیت اور سیاسی وزن میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت حکومت سازی کے لیے فارورڈ بلاک کی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔