رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال: ضلعی انتظامیہ ساہیوال کے زیر اہتمام کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم سیاہ پرضلع کونسل ہال سے ڈی سی چوک تک واک کا انعقاد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ماہم واحد، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے علاوہ سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے واک میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب نے کہا کہ 27 اکتوبر پورے پاکستان میں یوم سیاہ کے طور پرمنایا جاتا ہے کیونکہ اس دن بھارتی افواج غیر قانونی طور پر کشمیر میں داخل ہو کرکشمیریوں کی امنگوں پر قابض ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن احتجاج کا مقصد اقوام متحدہ کو باور کروانا ہے کہ کشمیری انصاف کے منتظر ہیں اورکشمیریوں پر جو ظلم و ستم کیا جا رہا ہے وہ عالمی برادری کے ضمیرپر ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور غاصبانہ قوتیں اپنے کیفرکردار کو پہنچیں گی۔اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور دنیاکی کوئی طاقت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی جمہوری طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جائے اور انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔ واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔