محمد ابرار نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
دہلی: انڈین کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جس کے بعد نمیبیا کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
وہ امریکہ کے خلاف میچ سے قبل ہی طبیعت کی خرابی کا شکار تھے، تاہم میچ کھیلنے کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔
ابھیشیک کو تیز بخار تھا اور فوری طبی امداد کے طور پر انہیں ڈرپس لگائی گئیں۔ وہ نئی دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہوئے۔
انہیں دہلی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ انفیکشن کی نوعیت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے خلاف میچ میں ابھیشیک پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے تھے جبکہ فیلڈنگ کے دوران بھی وہ میدان میں واپس نہیں آئے۔ ان کی جگہ سنجو سیمسن نے فیلڈنگ کی ذمہ داری نبھائی۔