تعلیمی اداروں کو سولرائزڈ کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اگلے تین سالوں میں صوبہ بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا،صوبائی وزیر توانائی
شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
لاہور: صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کا دورہ کیا اور یونیورسٹی میں سولر پینلز کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء سمیت یونیورسٹی انتظامیہ اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب گرین انرجی کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے اور صاف، سستی اور ماحول دوست توانائی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو سولرائزڈ کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ بجلی کے بڑھتے ہوئے اخراجات میں کمی لائی جاسکے اور قومی وسائل کی بچت ممکن ہو۔ صوبائی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ اگلے تین سالوں میں صوبہ بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں اور ادارے توانائی کے بحران سے محفوظ رہیں۔فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کا سولرائزیشن منصوبہ دیگر تعلیمی اداروں کے لیے ایک مثال ثابت ہوگا اور اس سے نہ صرف بجلی کی بچت ہوگی بلکہ ماحول دوست توانائی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کا مشن عوام کو صاف اور سستی بجلی کی فراہمی ہے اور صوبے میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء نے صوبائی وزیر توانائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سولر پینلز کی تنصیب سے یونیورسٹی کے اخراجات میں کمی آئے گی اور یقینی طور پر جدید توانائی نظام کیجانب ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔