وسطی اسرائیل سمیت دیگر علاقوں میں الرٹ جاری، جن علاقوں میں سائرن بجیں، شہری فوری طور پر بم شیلٹرز (پناہ گاہوں) میں چلے جائیں،اسرائیلی افواج
وار رپورٹر نوائے وقت + ڈان ٹی وی رپورٹ
تل ابیب: ایران نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف ’آپریشن وعدہ صادق 3‘ کے تحت مسلسل پانچویں روز اسرائیل پر میزائلوں کی نئی لہر سے جوابی حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی مسلح افواج ( آئی ڈی ایف ) نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے طور پر بیلسٹک میزائلوں کا نیا حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد وسطی اسرائیل سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں کے لیے سائرن بجائے گئے ہیں، تاہم تاحال کسی علاقے میں میزائل ٹکرانے یا نقصان پہنچنے کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔
دی ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کی ایک نئی لانچنگ کا سراغ لگایا ہے، جن جن علاقوں میں سائرن بجائے جائیں، یا الرٹ میسج بھیجے جائیں، وہاں کے لوگ فوری محفوظ پناہ گاہوں یا زیر زمین بنکرز میں چلے جائیں۔
آئندہ چند منٹوں میں اسرائیل میں سائرن بجنے کی توقع ہے، کیونکہ فضائی دفاعی نظام ان خطرات کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان علاقوں میں جہاں سائرن بجیں، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر بم شیلٹرز (پناہ گاہوں) میں چلے جائیں اور مزید ہدایات تک وہیں رہیں۔