اسلام آباد اور پنجاب میں شدید بارش سے شہری زندگی مفلوج ، 13 افراد جاں بحق

جہلم اور مظفرگڑھ میں 2،2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اوکاڑہ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک ایک شخص جان سے گیا، اسلام آباد میں کار پر کھمبا گرنے سے 2 افراد لقمہ اجل بنے

نمائندگان نوائے وقت + ڈان ٹی وی رپورٹ

اسلام آباد / لاہور/ اوکاڑہ/ بہاولنگر / خانیوال : اسلام آباد اور پنجاب میں شدید بارش سے شہری زندگی مفلوج ، 13 افراد جاں بحق
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارش نے گرمی کی لہر سے کچھ راحت تو فراہم کی، تاہم شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی بُری طرح متاثر ہوئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 افراد کو ایمرجنسی سروسز فراہم کی گئیں جن میں سے 39 کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 7 جانبر نہ ہو سکے۔ سب سے زیادہ حادثات اوکاڑہ میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 8 تھی، جبکہ ملتان میں 4، فیصل آباد، منڈی بہاالدین، جھنگ اور چنیوٹ میں 2، 2 اور لاہور، قصور، جہلم، ساہیوال، مری، مظفرگڑھ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک، ایک واقعہ پیش آیا۔

جہلم اور مظفرگڑھ میں 2،2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اوکاڑہ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک ایک شخص جان سے گیا۔

اوکاڑہ کے علاقے بستی ریاض آباد میں بانس کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی دعا فاطمہ جاں بحق ہو گئی جبکہ دو افراد زخمی ہوئے، جہلم میں ایک لوڈر رکشہ سڑک پر جمع پانی کے نالے میں جا گرا جس سے 2 افراد جان سے گئے۔

مظفرگڑھ میں مکان کی دیوار گرنے سے 2 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے، قصور میں چھت گرنے سے 2 لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ بہاولنگر میں بھی ایک شخص اسی نوعیت کے حادثے کا شکار ہوا، خانیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کھیتوں میں کام کرتے ہوئے دو کسان آسمانی بجلی کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے جی ایم اے ٹاؤن میں 98 ملی میٹر اور مدینہ ٹاؤن میں 91 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، لاہور کے نشتر ٹاؤن میں 50 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 24 ملی میٹر اور دیگر علاقوں میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔

قصور میں 63، شیخوپورہ میں 50، جوہرآباد میں 48، سرگودھا میں 45، چکوال میں 28، چنیوٹ میں 22، راولپنڈی میں 18، نارووال میں 17، اٹک میں 12، گجرات اور میانوالی میں 10، مظفرگڑھ اور نورپور تھل میں 5، منگلا اور سیالکوٹ میں 2، جبکہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور راولا کوٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شدید بارش کے باعث لاہور، ملتان اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں شہری سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی جبکہ سڑکیں اور انڈر پاسز زیر آب آ گئے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

جمعرات کو جڑواں شہروں اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار مون سون بارش کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ راول ڈیم میں پانی کی سطح میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بارش کے باعث پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں آئی جے پی روڈ پر کیریج فیکٹری کے قریب ایک بجلی کا کھمبا کار پر جا گرا، یہ واقعہ سبزی منڈی تھانے کی حدود میں دوپہر تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق کھمبا ممکنہ طور پر بارش کے باعث گرا۔

کھمبے کے نیچے آنے والی کار میں 5 افراد سوار تھے، جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔ حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور 50 سالہ راشد نیاز اور 12 سالہ محمد بن عامر جاں بحق ہو گئے، دونوں کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔ زخمی خواتین کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں انہیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *