پنجاب، یوم آزادی کی مناسبت سے ‘اقلیتی ہفتہ’ بھرپور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

ریلی کیتھڈرل چرچ مال روڈ سے شروع ہوکرکرشنامندر، گوردوارہ ڈیرہ صاحب، بادشاہی مسجد سے ہوکرمینار پاکستان پرختم ہوئی

نور فاطمہ افضل نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

لاہور:یوم آزادی کے موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اقلیتوں کی قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پہلی بار “اقلیتی ہفتہ” بھرپور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں لاہور میں بین المذاہب امن ریلی نکالی گئی جو مذہبی ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ بن گئی۔

لاہور میں ریلی کیتھڈرل چرچ مال روڈ سے شروع ہوئی اور کرشنا مندر، گوردوارہ ڈیرہ صاحب، بادشاہی مسجد سے ہوتی ہوئی مینار پاکستان پر اختتام پذیر ہوئی۔

شرکا نے مزار اقبال پر حاضری دی جہاں امام خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان کی ترقی، خوش حالی اور پائیدار امن کے لیے تمام عبادت گاہوں میں خصوصی دعائیں کی گئیں اور چرچ، مندر،گوردوارہ صاحب اور مینار پاکستان کے قریب پودے لگائے گئے۔

صوبائی وزیر برائے اطلاعات عظمیٰ بخاری اور وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سمیت پنجاب اسمبلی کے اقلیتی اراکین، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق سربراہ سردار بشن سنگھ، بشپ آف لاہور ندیم کامران، پارلیمانی سیکریٹری سونیاعاشر، سیکریٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، ایم پی اے بابا فیبلوس، شکیلہ آرتھر، ایمانوئیل اطہر، ایم پی اے طارق گل، اراکین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، غیر ملکی سفارت کار، سول سوسائٹی اور اقلیتی نمائندوں سمیت مذہبی و سماجی رہنماؤں نے اس قافلے میں شرکت کی۔

قافلے کے شرکا کو خصوصی طور پر ڈبل ڈیکر بسوں کے ذریعے عبادت گاہوں کا دورہ کرایا گیا، “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے پورے راستے گونجتے رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *