1 مسافرلے کر 816، دو کے ساتھ 302 پروازیں پروازیں چلائی گئیں،پی آئی اے کی کارکردگی پرچاروں طرف سے سوال

سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

اسلام آباد: ایک مسافر کے ساتھ 816، دو کے ساتھ 302 پروازیں پروازیں چلائی گئیں،پی آئی اے کی کارکردگی پرچاروں طرف سے سوال اٹھنے لگے۔ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے غیرمؤثر فلائٹ آپریشن چلانے کا انکشاف ہوا ہے جہاں صرف ایک یا دو مسافروں کے ساتھ سینکڑوں پروازیں ملکی اور غیرملکی شہروں کے لیے روانہ کی گئیں۔
یہ انکشاف آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا ہے جو پی آئی اے کے آڈٹ پر مبنی ہے۔
آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2021 سے 2023 کے دوران ناقص حکمت عملی کے باعث 816 پروازیں ایسی چلائی گئیں جن میں صرف ایک مسافر تھا، جبکہ 302 پروازیں ایسی تھیں جن میں دو مسافر سوار تھے، اور اس طرح کم مسافروں والی پروازوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 118 بنتی ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف سال 2021 سے 2023 کے آڈٹ کے دوران ہوا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ آپریشنل منصوبہ بندی اور وسائل کے غیرمؤثر استعمال کی مثال ہے، کیونکہ کم مسافروں کے باوجود پروازیں منسوخ کر کے ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کے بجائے انہیں چلایا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی انتظامیہ سے اس معاملے کی وجوہات بتانے کے لیے بارہا رابطہ کیا گیا، لیکن نہ تو کوئی جواب موصول ہوا اور نہ ہی ادارے نے خود سے کوئی تحقیقات کیں۔
رپورٹ میں آڈٹ کی جانب سے فلائٹ پلاننگ، نیٹ ورک مینجمنٹ اور شیڈولنگ کے ذمہ دار عہدیداران پر اس تمام تر معاملے کی ذمہ داری عائد کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ مینیجر، جنرل مینیجر اور متعلقہ حکام کی ناقص منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کے باعث انتہائی کم مسافروں کے ساتھ ایک ہزار 118 پروازیں چلائی گئیں، اور پروازیں منسوخ کر کے ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کے بجائے انہیں آپریٹ کیا گیا جو آپریشنل پلاننگ اور کاسٹ مینجمنٹ میں کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *