شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
لاہور:صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ برطانیہ اور اٹلی کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ ان کی واپسی پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر مختلف مذہبی اقلیتوں کے نمائندگان نے پرتپاک استقبال کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
استقبالیہ وفد میں نولکھا پریسبیٹیرین چرچ کے ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، پاسٹر عاشق ،وسیم راجہ، عقاب عالم،ظہیر بابر دیگر اقلیتی رہنما اور کارکنان شامل تھے۔
اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا برطانیہ اور اٹلی میں پاکستانی اقلیتی برادری، بین المذاہب ہم آہنگی کے نمائندوں اور عالمی اداروں سے کئی اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن کے اثرات مستقبل قریب میں ضرور سامنے آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان دوروں کا مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستانی اقلیتوں کی ترقی، مذہبی آزادی، سرمایہ کاری اور تعلیمی روابط کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت، خصوصاً وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم، روزگار اور نمائندگی کے مواقع کو تیزی سے فروغ دے رہی ہے۔
اس موقع پر ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے لیے یہ فخر کا لمحہ ہے کہ ہمارے نمائندے عالمی فورمز پر مؤثر آواز بن چکے ہیں۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی قیادت میں اقلیتیں خود کو بااختیار محسوس کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ دورہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پاکستانی اقلیتوں کی مثبت تصویر پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوا، بلکہ اقوامِ عالم میں پاکستان کے مذہبی ہم آہنگی اور انسانی برابری کے عزم کو مزید اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بنا۔ اپنے دورے کے دوران سردار رمیش سنگھ اروڑہ نےبرطانیہ میں پارلیمنٹری گروپس، سکھ کمیونٹی اور انسانی حقوق تنظیموں سے ملاقاتیں کیں جبکہ اٹلی میں بین الاقوامی امن کانفرنس میں شرکت کی اور اقلیتوں کے کردار پر مؤثر خطاب بھی کیا۔