جن بچوں کی آنکھوں میں کبھی پاکستان کے لیے خواب ہوتے تھے آج ان میں صرف مایوسی نظر آتی ہے
تعلیمی نظام میں قابلیت دب گئی، میرٹ کا جنازہ نکلا اور روزگار صرف سفارش والوں کے لیے مخصوص ہو گیا
شوبز رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لاہور:معروف سینئر اداکار نعمان اعجاز نے یومِ آزادی کی مناسبت سے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی مشکلات پر گہرا اور تلخ اظہار خیال کیا ہے۔
پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی میں اب صرف چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں،لیکن ایک تلخ حقیقت بھی ہے کہ ملک کے اکثروبیشتر نوجوان مایوس اور پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
نعمان اعجاز نے اس موضوع پر انسٹاگرام پر ایک اہم پیغام شیئر کیا۔
اداکار نے لکھا کہ جو بچے کبھی 14 اگست کو سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں اور روشنیاں لگاتے تھے، ان کی آنکھوں میں پاکستان کے لیے خواب ہوتے تھے، ان کی آنکھوں میں ایک روشن مستقبل، ایک خوددار قوم اور ایک مضبوط وطن کا خواب ہوتا تھا، مگر وقت کے ساتھ جب وہ بچے بڑے ہوئے تو ان کے خوابوں کی جگہ مایوسی، ناانصافی، کرپشن، غربت اور عدم تحفظ نے لے لی۔
اداکار نے مزید لکھا کہ تعلیمی نظام میں قابلیت دب گئی، میرٹ کا جنازہ نکلا اور روزگار صرف سفارش والوں کے لیے مخصوص ہو گیا۔
ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، معاشی عدم استحکام اور کم تنخواہوں کے باعث رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں تقریباً ساڑھے تین لاکھ پاکستانی افراد ملک چھوڑ چکے ہیں۔