علیمہ خان کا دوسرا بیٹا بھائی کی پیشی کے موقع پر انسداد دہشت گردی عدالت آیا تھا، واپسی پر حراست میں لے لیا گیا، وکیل رانا مدثر
محمد اظہر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
لاہور:علیمہ خان کے وکیل رانا مدثرکے مطابق علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، علیمہ خان کا دوسرا بیٹا شیر شاہ آج اپنے بھائی کی پیشی کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت آیا تھا۔
وکیل رانا مدثر نے بتایا کہ پیشی سے واپسی پر شیر شاہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
عمران خان کو ضمانت ملی تو میرے بیٹے کو اٹھاکر لے گئے، علیمہ خان
قبل ازیں، علیمہ خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کل 8 مقدمات میں ضمانت ملی، اس کے جواب میں یہ کل میرے گھر آئے اور بیٹے کو اٹھا کر لے گئے، آج میرے بیٹے کو اے ٹی سی میں پیش کیا گیا۔
علیمہ خان نے کہا کہ شاہ ریز کا سارا فوکس پاکستان کی نمائندگی کرنے میں ہے یا کاروبار میں ہے، آج تک اسے کسی نے یہاں دیکھا بھی نہیں ہو گا، کئی بار ہم نے کہا کہ اگر آپ نے ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کر لیں، ہم ہر بار عمران خان کی آواز بنیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے آخری ملاقات میں بھی کہا کہ آپ نے مضبوط رہنا ہے، بانی نے کہا کہ ظلم کی رات ہے بالآخر صبح ہو گی۔