کراچی کی عدالت سے بلوچستان کی جیل میں قید ماہ رنگ بلوچ کے وارنٹ گرفتاری جاری

خادم حسین نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

کراچی : انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بلوچستان میں جیل میں موجود بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی رہنما ماہ رنگ بلوچ کے خلاف بغاوت کے مقدمے میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

مقدمے کے تفتیشی افسر نے چالان جمع کرواتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ کا نام کالم نمبر 2 میں ڈال دیا اور انہیں ’مفرور‘ قرار دیا ہے۔

انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 5 کے جج نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر ماہ رنگ کو گرفتار کر کے 5 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

تفتیشی افسر نے رپورٹ میں کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ پر پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 124-اے (بغاوت)، 148 (مہلک ہتھیاروں سے بلوہ)، 149 (غیرقانونی اجتماع)، 153-اے (مختلف گروہوں میں دشمنی کو ہوا دینا)، 500 (ہتکِ عزت) اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 (دہشت گردی) کے تحت الزامات عائد ہیں۔

بی وائی سی رہنما کے وکیل کے مطابق ان کی مؤکلہ اس وقت کوئٹہ میں ایک اور مقدمے میں پولیس ریمانڈ پر ہیں، تاہم اس اقدام کو ان کی حراست طویل کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر ماہ رنگ کے وکیل جبران ناصر کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ان کا جسمانی ریمانڈ کوئٹہ میں ختم ہوگا، انہیں کراچی منتقل کر کے مزید حراست میں رکھا جائے گا۔

انہوں نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرکے 5 ستمبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حم دیا ہے، بالکل اسی دن جب ان کا اے ٹی سی کوئٹہ کی جانب سے دیا گیا موجودہ ریمانڈ ختم ہو رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *