صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق کی ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، لوکل گورنمنٹ اور ستھرا پنجاب پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

پاکپتن/عارفوالا:صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صاف، سرسبز اور خوبصورت پنجاب کی تشکیل کیلئے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ شہری و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے مؤثر انتظام اور عوامی سہولیات کی فراہمی کیلئے مربوط حکمتِ عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے سی آفس عارف والا میں ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، لوکل گورنمنٹ اور ستھرا پنجاب پروگرام کی مجموعی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر آصف رضا، اسسٹنٹ کمشنر عارف والا بھی موجود تھے انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے جدید مشینری، اضافی عملہ اور مؤثر نگرانی کا نظام متعارف کروایا گیا ہے، جبکہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بلدیاتی نظام کی مضبوطی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تمام اہداف کے حصول کیلئے باہمی ہم آہنگی، شفافیت اور تسلسل کے ساتھ کام جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے منصوبے عوامی سہولت کیلئے ہیں، اس لیے شہری انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ حکومتِ پنجاب عوام کو صاف، پُرامن اور خوشحال ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ صوبہ پنجاب حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ، منظم اور مثالی صوبہ بن سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *