Dawn world exclusive:پاکستانی وزارت خارجہ کا جھوٹ پکڑا گیا:غزہ میں فوج بھیجنے کی پیشکش پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، امریکی وزیر خارجہ، پاکستان مجوزہ انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس کے تحت تین ہزار پانچ سو فوجی تعینات کرنے پر غور کر رہا ہے،سفارتی ذرائع کا ڈان کو انکشاف

سپیشل رپورٹر نوائے وقت، ڈان ٹی وی

واشنگٹن:امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے غزہ کے لیے مجوزہ انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس (آئی ایس ایف) میں شمولیت قبول کر لی ہے تاہم انہوں نے فوجی دستوں کی حتمی تعیناتی کی تصدیق سے گریز کیا۔

پاکستان نے قطر میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کی، جس کی میزبانی امریکی سینٹرل کمانڈ نے کی۔ کانفرنس میں آئی ایس ایف کے کمانڈ اسٹرکچر اور دیگر زیرِ التوا آپریشنل معاملات پر بات چیت ہوئی۔ اس اجلاس میں تقریباً 45 ممالک شریک تھے، جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔

اس سوال کے جواب میں کہ آیا واشنگٹن کو غزہ میں امن سازی کے لیے فوجی دستے تعینات کرنے پر پاکستان کی رضامندی مل چکی ہے، روبیو نے کہا کہ ’امریکا پاکستان کا بے حد شکر گزار ہے کہ اس نے اس عمل کا حصہ بننے کی پیشکش کی، یا کم از کم اس پر غور کرنے کی آمادگی ظاہر کی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک سے باضابطہ وعدہ لینے سے قبل مزید وضاحت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارے پاس ایسے کئی ممالک موجود ہیں جو تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہیں اور اس استحکام فورس کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں اور اگر پاکستان اس پر متفق ہو جاتا ہے تو وہ یقیناً ایک اہم ملک ہوگا۔

مارکو روبیو کے مطابق فورس کے مینڈیٹ، کمانڈ اسٹرکچر اور فنڈنگ کے انتظامات سے متعلق اہم امور پر تاحال غور جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اگلا قدم بورڈ آف پیس اور فلسطینی ٹیکنوکریٹک گروپ کے اعلان کا ہے، جو روزمرہ حکمرانی میں مدد فراہم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب یہ نظام قائم ہو جائے گا تو اس کے بعد اسٹیبلائزیشن فورس کو حتمی شکل دینا ممکن ہوگا، جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ اس کی مالی معاونت کیسے ہوگی، قواعد کیا ہوں گے اور ڈی ملٹریائزیشن میں اس کا کردار کیا ہوگا۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے مجوزہ فورس کے لیے فوجی دستوں یا مالی معاونت کے حصول کی غرض سے باضابطہ طور پر 70 سے زائد ممالک سے رابطہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک 19 ممالک نے فوج، لاجسٹکس یا آلات کی فراہمی کے ذریعے تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ غزہ میں بین الاقوامی تعیناتی آئندہ ماہ کے اوائل میں شروع ہو سکتی ہے۔

سفارتی ذرائع نے نوائے وقت، ڈان ٹی وی اور ڈیلی ڈان کو بتایا کہ پاکستان آئی ایس ایف کے تحت تین ہزار پانچ سو فوجی تعینات کرنے پر غور کر رہا ہے۔

مارکو روبیو کے یہ بیانات ایک دن بعد سامنے آئے، جب پاکستان نے اپنا سرکاری مؤقف واضح کیا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ اسلام آباد نے تاحال آئی ایس ایف کے لیے فوجی دستے فراہم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا اور یہ کہ بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *