پاکستان کو سب سے بڑھ کر مذہبی ہم آہنگی، باہمی رواداری اور اتحاد کی ضرورت ،صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ

شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

لاہور:صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ آج کے پاکستان کو سب سے بڑھ کر مذہبی ہم آہنگی، باہمی رواداری اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ یہ پیغام دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ تمام مذاہب کے ماننے والے اس ملک کے برابر کے شہری ہیں اور ان کی ثقافت، عقائد اور اقدار کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے انسانی حقوق کے کیمپ آفس میں منعقدہ ایک اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یگانگت کے فروغ کے لیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔
اجلاس میں سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے نمائندے، مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنما اور ممتاز سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اقلیتوں کو “سر کا تاج” قرار دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ محض الفاظ نہیں بلکہ اقلیتوں کے ساتھ عملی یکجہتی اور شمولیت پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی، ہولی، کرسمس اور بابا گرونانک دیو جی کے جنم دن سمیت دیگر مذہبی مواقع پر حکومت پنجاب کی شرکت اور تعاون اس جذبے کی روشن مثال ہے۔
سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی مساوی حیثیت کے لیے ان کا محکمہ مسلسل سرگرم ہے۔ انہوں نے انٹرفیتھ ہم آہنگی کو پاکستان کے مثبت تشخص کا نمائندہ قرار دیا۔
جاوید ولیم (سربراہ فیسز پاکستان) نے کہا کہ ان کی تنظیم حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر معاشرتی برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر سب کو ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا ہوگا۔
ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے تعلیمی اداروں، میڈیا، مذہبی پلیٹ فارمز اور کمیونٹی کی سطح پر انٹرفیتھ سرگرمیوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے معاشرتی ہم آہنگی اور مثبت طرزِ فکر کو فروغ ملے گا۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ مذہبی ہم آہنگی، باہمی رواداری، قومی یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اجلاس کے اختتام پر سید مفتی عاشق حسین نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دنیا بھر میں امن کے لیے خصوصی دعاء بھی کرائی۔
اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں مفتی عاشق حسین، پروفیسر ڈاکٹر مسعود مجاہد، علامہ ڈاکٹر بدر منیر مجددی، امرناتھ رندھاوا، سید مدثر حسین شاہ، سید محمود غزنوی، محمد یوسف (ڈائریکٹر انسانی حقوق)، نورالصباء (سپرٹ) اور دیگر ممتاز شخصیات شامل تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *