رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت، ڈان ٹی وی
ساہیوال: پنجاب حکومت کا سرکاری سکولوں میں بنیادی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا بڑا منصوبہ۔ ساہیوال ڈویژن میں 3 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے اضافی کلاس رومز کی تعمیر، کمروں کی مرمت اور دوسری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری سکولوں میں تعلیمی سہولیات میں اضافے کے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو بہتر ماحول کی دستیابی سے ہی معیار تعلیم بہتر ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں اضافی کمروں کی تعمیر کی بجائے موجودہ کلاس رومز کی مرمت کی جائے اور کمروں کی تعمیر و مرمت کے دوران معیاری کام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تمام ترقیاتی کام سکول کونسلز کریں گی لہذا وہ فنڈز قوم کی امانت سمجھتے ہوئے دیانتداری سے خرچ کریں۔اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں ایک ارب 36 کروڑ 82 لاکھ روپے سے 686 سکولوں میں 1156 اضافی کمرے تعمیر ہوں گے۔ اسی طرح ایک ارب 23 کروڑ 74 لاکھ روپے سے 1951 سکولوں میں بنیادی تعلیمی سہولیات بھی فراہم ہونگی جبکہ 44 کروڑ 70 لاکھ روپے سے 514 سکولوں کے 1107 کمروں کی مرمت بھی منصوبے کا حصہ ہے۔