Nawa-i-waqt Exclusive:پاکستانی جیلیں ایڈز کا مرکز بن گئیں:پنجاب کی 43 جیلوں میں 645 قیدی ایڈز میں مبتلا، اڈیالہ جیل 148 قیدیوں کیساتھ سر فہرست

نوائے وقت انوسٹی گیشن سیل ، ڈان ٹی وی رپورٹ

راولپنڈی: سینٹرل جیل (اڈیالہ جیل) میں ایچ آئی وی (ایڈز) کے مریضوں کی بڑی تعداد سامنے آئی ہے، جہاں 148 قیدی ایڈز سے متاثر پائے گئے ہیں، یہ اب تک صوبہ پنجاب کی کسی بھی جیل میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

یہ صورتحال محکمہ جیل خانہ جات اور پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام (پی اے سی پی) کی سنگین کوتاہیوں کو ظاہر کرتی ہے۔

اڈیالہ جیل حالیہ دنوں میں خبروں میں اس لیے بھی رہی ہے کہ سابق وزیرِاعظم عمران خان بھی یہاں قید ہیں، تاہم یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ عمران خان کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور انہیں دیگر قیدیوں کے ساتھ میل جول کی اجازت نہیں۔

اس وقت یہ جیل شدید حد تک گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی ہے، جہاں ایک ہزار 994 قیدیوں کی گنجائش کے مقابلے میں 4 ہزار 337 قیدی موجود ہیں۔

پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی رپورٹ کے مطابق صوبے کی 43 جیلوں میں مجموعی طور پر 645 قیدی ایچ آئی وی سے متاثر ہیں، ان میں سے کچھ پہلے ہی اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی (اے آر ٹی) لے رہے ہیں۔

اتنی بڑی تعداد میں متاثرہ قیدیوں کی موجودگی دیگر قیدیوں کی صحت اور زندگی کے لیے سنگین خطرہ ہے، اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا مشکل ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *